بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آگ پر 77 فیصد قابو پا لیا، ٹائم فریم نہیں دے سکتے: ریسکیو سندھ

 

کراچی: (نیوزڈیسک) سی او او 1122 ریسکیو سندھ ڈاکٹر عابد جلال نے کہا ہے کہ گل پلازے میں لگی آگ پر 77 فیصد تک قابو پالیا ہے، فائر فائٹنگ جاری ہے، تکمیل کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
سی او او 1122 ریسکیو سندھ ڈاکٹر عابد جلال نے بتایا ہے کہ ہمیں 10بجکر38منٹ پر پہلی کال موصول ہوئی، ہم نے فوراً ریسکیو کی 2اورکے ایم سی کی گاڑیاں بھیجیں، تقریباً 22فائرٹینڈرز نے آپریشن میں حصہ لیا، کے ایم سی کے 4اسنارکل نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔

ڈاکٹر عابد جلال نے کہا کہ کمرشل پلازے کی دکانوں میں کیمیکل کا سامان بہت زیادہ تھا، ہمیں آگ پر قابوپانے میں بہت وقت لگ گیا، آگ کی شدت کے باعث پلازے کا پچھلا حصہ بھی منہدم ہوچکا ہے، آگ پر 77فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائرفائٹنگ کا عمل جاری ہے، ٹائم فریم نہیں دے سکتے، آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل شروع ہوگا، پراسیس مکمل کرنے میں 2سے3روز لگ سکتے ہیں، پلازے کا سٹرکچر انتہائی مخدوش حالت میں ہے، آج صبح ہمارا ایک فائر فائٹر ریسکیو عمل کے دوران شہید ہوا ہے۔

ڈاکٹر عابد نے بتایا کہ جہاں تک ہماری رسائی ہے وہاں تک آگ پر قابوپالیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ترجیح ہے آپریشن کو مکمل کریں، پلازے کا پچھلا حصہ مکمل طور پر منہدم ہوچکا ہے۔