کراچی (نیوزڈیسک)ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد جاں بحق افراد کی شناخت کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ لاپتہ افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے پروفائلنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس سرجن کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے خون اور بکل سواب کے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں، جبکہ سیمپلز متعلقہ لیبارٹری کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سمیہ سید کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت ڈی این اے کراس میچنگ کے ذریعے کی جائے گی۔
ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق اب تک چھ لاشوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جبکہ 9 لواحقین کے ڈی این اے نمونے بھی جمع کر لیے گئے ہیں۔ پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے اور جیسے ہی نتائج موصول ہوں گے، لواحقین کو آگاہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔









