کوئٹہ (نیوزڈیسک)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ، ہلاک دہشتگرد کوئٹہ، سبی شاہراہ کو بلاک کرنے اور تخریبی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے مسلح دہشت گرد مستونگ کے علاقے دشت میں موجود ہیں اور کوئٹہ – سبی شاہراہ پر ناکہ بندی کے ساتھ سیکیورٹی فورسز اور شہری ٹریفک کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کوئٹہ کی ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں پہنچیں اور نگرانی شروع کی۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران پانچ نامعلوم دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی دشوار گزار اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ سب مشین گنز بمعہ گولہ بارود، سات دستی بم اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری اور باقی نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا جا رہا ہے۔









