ڈیرہ غازی خان میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں لیڈی سرجن کی موجودگی کے بغیر ایک مرد ڈینٹسٹ نے حاملہ خاتون کا گائنی آپریشن کر دیا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ذرائع کے مطابق نجی اسپتال میں زچگی کے لیے لائی گئی خاتون کا آپریشن لیڈی ڈاکٹر کے بجائے ایک ڈینٹل ڈاکٹر نے کیا۔ دورانِ آپریشن پیچیدگیاں پیدا ہوئیں اور زیادہ خون بہنے کے باعث مریضہ جانبر نہ ہو سکی۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ صورتحال اس حد تک بگڑ گئی کہ آپریشن کرنے والا ڈاکٹر بھی بیہوش ہو کر گر پڑا، جسے بعد میں کیبن میں منتقل کیا گیا۔
ورثا کے مطابق انہوں نے بار بار لیڈی ڈاکٹر کو بلانے کی کوشش کی، تاہم مریضہ کی حالت تشویشناک ہونے کے باوجود وہ اسپتال نہیں پہنچیں۔ واقعے کے بعد لواحقین کے شدید احتجاج پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیمیں اسپتال پہنچیں۔
تحقیقات کے دوران اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کیا جبکہ الزام ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آر بھی تبدیل کر دی گئی۔ تعاون نہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کو سیل کر دیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ڈی ایچ او نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ مملکت اور معاونِ خصوصی وزیراعظم حذیفہ رحمان نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ڈیرہ غازی خان: نجی اسپتال میں سنگین غفلت، مرد ڈینٹسٹ کے گائنی آپریشن سے حاملہ خاتون جاں بحق








