اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات کو غیر قانونی قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی گالف کورس کی تعمیر غیر قانونی قرار دیدی۔عدالت نے گالف کورس کی غیر قانونی تعمیر پر وزارت دفاع کو انکوائری کا حکم دیدیا۔
سیکرٹری دفاع کو فرانزک آڈٹ کرا کے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا بھی حکم دیدیا گیا۔ نیشنل پارک کی 8068 ایکڑ اراضی پر پاک فوج کے ڈائریکٹوریٹ کا ملکیتی دعوی بھی مسترد کردیا گیا۔
پاک فوج کے فارمز ڈائریکٹوریٹ کا مونال ریسٹورنٹ کے ساتھ لیز معاہدہ بھی غیر قانونی قرار کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔چیف جسٹس نے تعطیلات پر روانگی سے قبل فیصلہ تحریر کر کے دستخط کیے جو آج جاری کیا گیا ۔108 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں اسلام آباد انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کو بھی حصہ بنایا گیا۔
عدالت نے کہا ہے کہ ریاست اور حکومتی عہدیداران کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کا تحفظ کرے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ستم ظریفی مارگلہ ہلز کے محفوظ نوٹیفائیڈ ایریا کی بے حرمتی میں ریاستی اداروں کا بھی ملوث ہونا ہے۔
پاک بحریہ اور پاک فوج نے قانون اپنے ہاتھ میں لے کر نافذ شدہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔یہ قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے اور اشرافیہ کی گرفت کا ایک مثالی کیس تھا۔ریاست کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کو پہنچنے والے نقصان کے ازالہ کے لیے اقدامات کرے تاکہ اسے مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔عدالت نے اس سے قبل 11 جنوری 2022 کو کیس کا مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔









