جہلم:(نیوزڈیسک) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے نان فارمل اساتذہ اور طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مشتمل پروفیشنل ٹریننگ کورس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے تاکہ وہ خود کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام آئی ٹی ایکسپرٹ سید علی عباس زیدی اور ڈی او لٹریسی میمونہ انجم کی زیرِ نگرانی ترتیب دیا گیا ہے، جو اساتذہ اور طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئی ٹی کی تعلیم ناگزیر ہو چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ایسے تعلیمی منصوبوں کی مکمل سرپرستی کرے گی جو نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور جدید علوم سے آراستہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔









