چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائیوں کے باعث بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد نیٹ ورک کی کمر توڑ دی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم، سیکیورٹی فورسز اور ریاستی ادارے متحد ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد بدحواس ہو چکے ہیں: بلاول بھٹو زرداری








