اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت پاکستان کی جانب سے چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کا اجراء ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی ورکنگ مکمل نہ ہونے کے باعث بانڈز کا اجراء اب فروری کے بجائے مارچ 2026 میں کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ چوتھی بار ہے کہ پانڈا بانڈز کے اجراء کے پلان میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ان بانڈز کی مدت 3 سال ہوگی اور ان پر شرح منافع سنگل ڈیجٹ رہنے کی توقع ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک ان بانڈز پر 95 فیصد تک گارنٹی فراہم کریں گے۔ پانڈا بانڈز کے ذریعے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر کے مساوی چینی یوآن اکٹھے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب حکومت اپریل 2026 میں 1.2 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی ادائیگی کے لیے مالیاتی انتظامات کر رہی ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان ادائیگیوں کے لیے مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ متبادل ذرائع سے رقم حاصل کی جائے گی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر اس وقت 21 ارب 33 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف سے چوتھے اقتصادی جائزے کے دوران مزید ایک ارب ڈالر کے حصول پر بھی بات چیت کی جائے گی۔









