بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سری لنکا میں معاشی بحران سنگین،پرتشددمظاہروں پر صدر گوتابایا راجا پکشے مستعفی

کولمبو(نیوزڈیسک)سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پکشے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو راجا پکشے نے سنگاپورسے ای امیل کے ذریعے اپنا استعفیٰ پارلیمنٹ کے سپیکر کو بجھوایا۔واضح رہے کہ سری لنکا میں معاشی بحران پر شدید مظاہروں کے سلسلے کے بعد بدھ کو سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکشے ایک فوجی طیارے پر ملک سے فرار ہو گئے تھے جہاں سے بعدازاں وہ سعودی ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے سنگاپور پہنچے۔سنگاپور کی حکومت نے تصدیق کی تھی کہ راجاپکشے کو ایک نجی دورے کے لیے ملک میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔
صدر گوتابایا راج پکشے کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفا دینے سے پہلے ملک سے نکل جانا چاہتے تھے کیونکہ انھیں خدشہ تھا کہ کہیں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والی نئی انتظامیہ انہیں گرفتار نہ کر لے۔ صدر کی حیثیت سے انھیں گرفتاری سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ادھر ملک کے عبوری صدر وکرما سنگھے نے مشتعل مظاہرین کے وزیر اعظم ہاؤس پر دھاوا بولنے کے بعد ملک کی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ حالات پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔
سری لنکا میں سیاسی و معاشی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے اور سری لنکا کے شہری جمعرات کو بھی صدر گوتابایا راجاپکشے کے استعفے کے منتظر رہے۔
سری لنکا کے صدر راجاپکشے نے متعدد بار سری لنکن پارلیمان کے سپیکر کو یقین دلایا تھا کہ وہ بدھ تک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے تاہم انہوں نے جمعرات کو استعفیٰ بجھوایا، بدھ کو انھوں نے وزیراعظم وکرما سنگھے کو عبوری صدر بنا دیا تھا، جس کے بعد سری لنکا کے مغربی حصہ میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
وکرما سنگھے نے مشتعل مظاہرین کے وزیر اعظم ہاؤس پر دھاوا بولنے کے بعد ملک کی فوج کو حکم دیا کہ وہ حالات پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔