راولپنڈی: (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور علی زمان ایڈووکیٹ کو مبینہ اغواء کے بعد رہا کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں ان کے جسم پر مبینہ تشدد کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک سیاسی کارکن پر تشدد نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے لیے ایک وارننگ ہے کہ ریاستی جبر اور ظلم کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا۔ کہ علی زمان اور ان کے بھائی کو گزشتہ روز راولپنڈی کے مصروف کچہری چوک سے تین بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ علی زمان اور ان کے بھائی کی فوری اور محفوظ بحالی یقینی بنائی جائے۔ اور اغواء میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اغواء اور مبینہ تشدد کے ایسے واقعات سیاسی کارکنوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ اور ریاستی اداروں کو شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔









