وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ دہشت گرد حملے کا مؤثر جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے تو اس کے ردعمل میں شرپسند عناصر کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
طلال چوہدری کے مطابق حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے پاکستان کے اس مؤقف کو تقویت ملتی ہے کہ بعض دہشت گرد گروہوں کے روابط افغانستان میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کئی حملوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ اس دوران افغان باشندوں سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے سرچ اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں اور درجنوں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
سیکیورٹی فورسز مکمل الرٹ، کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں: طلال چوہدری








