بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ ہائی کورٹ: واٹر کارپوریشن کے ریٹائرڈ افسر زاہد خان کے واجبات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

سندھ ہائی کورٹ نے واٹر کارپوریشن کے ریٹائرڈ افسر زاہد خان کی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی سروس بک میں تاریخ پیدائش مختلف درج ہے اور سروس بک ہمیشہ درخواست گزار کی ہی کسٹڈی میں رہی۔ وکیل درخواست گزار نے وضاحت کی کہ زاہد خان 2024 میں ریٹائر ہوئے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سروس بک میں درج تاریخ پیدائش کے مطابق 2022 میں ریٹائرمنٹ کی عمر مکمل ہو گئی تھی، لیکن درخواست گزار نے دو سال اضافی کام کیا۔ عدالت نے کہا کہ تاریخ پیدائش کوئی بھی ہو، ساٹھ سال کی سروس شامل کی جائے گی، اور اگر محکمے نے دو سال اضافی کام کروایا ہے تو اس کے لیے درخواست گزار کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ تعلیمی سرٹیفکیٹ میں پیدائش کا سال 1964 درج ہے، جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ تعلیمی ریکارڈ کے مطابق نوکری جوائن کرتے وقت درخواست گزار کی عمر صرف 16 برس تھی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اٹھارہ برس سے کم عمر میں نوکری کیسے ملی، اور اگر نوکری کے لیے اہل ہی نہیں تھے تو واجبات کے دعوے کے لیے کیسے اہل ہوں گے۔ عدالت نے متنبہ کیا کہ اگر یہ معاملہ درست پایا گیا تو پوری سروس کی تنخواہ واپس کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
آخرکار عدالت نے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور جلد اس پر حتمی رائے سنائی جائے گی۔