انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزمان ارمغان اور شیراز پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
کراچی سینٹرل جیل میں قائم انسدادِ دہشت گردی کمپلیکس کی خصوصی عدالت نمبر 15 میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں جیل حکام نے دونوں ملزمان کو پیش کیا۔ عدالت نے باقاعدہ طور پر فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔
تاہم ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 12 مارچ مقرر کر دی ہے۔
استغاثہ کے مطابق مصطفیٰ عامر کو گزشتہ سال قتل کرنے کے بعد ان کی لاش بلوچستان لے جا کر نذرِ آتش کر دی گئی تھی۔ کیس کی مزید کارروائی آئندہ سماعت پر ہوگی۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس: مرکزی ملزمان ارمغان اور شیراز پر فردِ جرم عائد








