بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلا اشتعال جارحیت کا مؤثر جواب: پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو پسپا کر دیا، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا، جس کا پاکستان نے انتہائی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط حکمتِ عملی کے ساتھ جواب دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی افواج کے بروقت اور بھرپور ردعمل نے افغان طالبان کو پسپا کر دیا، جس کے بعد وہ بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہو گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی کارروائی اتنی مربوط اور مؤثر تھی کہ افغان طالبان سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے پر مجبور ہو گئے۔ ایک بین الاقوامی نیوز چینل کی جانب سے بھی غلط معلومات نشر کی گئیں، تاہم بعد ازاں اسے اپنی ٹوئٹ حذف کرنا پڑی۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں 72 افغان طالبان ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ 16 چوکیاں تباہ اور 7 پر قبضہ کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ایک بڑا اسلحہ ڈپو اور بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا گیا، جبکہ اب تک 36 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور آرمڈ پرسنل کیریئرز (اے پی سیز) ناکارہ بنائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے افغانستان کے مختلف علاقوں، جن میں قندھار، کابل اور پکتیا شامل ہیں، میں دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ فضائی کارروائیوں کے دوران قندھار میں دو اور کابل میں ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کیے گئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت یا مذموم عزائم سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے جراتمندانہ اقدامات پر فخر محسوس کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کے بروقت اور دلیرانہ ردعمل کو سراہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابلِ قبول ہے، اور ایسی کسی بھی بلا اشتعال کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جاتا رہے گا۔