بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ حکومت ، مظاہرین کی ہلاکت پر جے آئی ٹی بنانے کا اعلان

کراچی:(نیوزڈیسک)
حکومت سندھ نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ کے واقعے پر جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کردیا۔مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں، اعلامیہ

سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ جے آئی ٹی اس امر کا تعین کرے گی کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس کے اسباب کیا تھے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت سندھ امریکی قونصل خانے میں مظاہرین کے داخلے اور تصادم میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے بیرونی سیکیورٹی حصار کو عبور کرتے ہوئے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔ افسوسناک صورتحال میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت شہریوں کے جمہوری اور آئینی حق احتجاج کا احترام کرتی ہے، پر امن ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ، تشدد یا قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار صرف پر امن اور قانونی طریقے سے کریں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، محرکات کیا تھے اور ذمہ دار کون ہے، حکومت حالات کو کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے، تمام شہریوں کو پرامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق حاصل ہے، قانون کو کسی بھی صورت ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات

دوسری جانب موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موبائل ویجیلنس ٹیموں کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔

یہ ٹیمیں شہر کے اہم مقامات، حساس تنصیبات اور مرکزی شاہراہوں پر مسلسل گشت اور نگرانی کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔پاکستان رینجرز (سندھ) واضح کرتی ہے کہ کسی بھی احتجاج کے دوران قانون شکنی، توڑ پھوڑ اور پُرتشدد احتجاج سے گریز کیا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔