اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم پاکستان اور شامی عرب جمہوریہ کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو آج شام عرب جمہوریہ شام کے صدر عزت مآب احمد الشراع کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی ۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملے اور اس کے نتیجے میں خلیجی خطے میں ہونے والے حملوں کے بعد خطرناک علاقائی کشیدگی پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے شامی رہنماء کو موجودہ بحران کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی رسائی کے بارے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے علاوہ افغانستان کی حالیہ پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی پیش رفت پر قریبی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
شامی صدر کا شہباز شریف کو ٹیلفون، علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال







