ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی ایکشن فلم Dhurandhar: The Revenge نے باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے 200 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا، تاہم دوسرے دن کمائی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
یہ فلم 2025 کی ہٹ فلم Dhurandhar کا سیکوئل ہے، جس میں رنویر سنگھ ہمزہ علی مزاری کے کردار میں ایک بھارتی خفیہ ایجنٹ کا روپ دھار کر لیاری انڈرورلڈ کا حصہ بنتے دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے 18 مارچ کو پیشگی شوز کے ذریعے زبردست بزنس کیا اور پہلے ہی دن ریکارڈ قائم کیے، تاہم تکنیکی مسائل کے باعث بھارت کے مختلف شہروں میں کچھ شوز متاثر بھی ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق فلم نے ابتدائی نمائش میں تقریباً 43 کروڑ روپے کمائے جبکہ پہلے دن کی کمائی 100 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ دوسرے دن آمدن میں کمی دیکھنے میں آئی اور فلم نے جمعہ کو تقریباً 80 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
یوں فلم کی مجموعی نیٹ کمائی بھارت میں تقریباً 226 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی گراس کلیکشن 269 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔
ہدایتکار ادتیہ دھر کی اس فلم کو پانچ مختلف زبانوں میں ریلیز کیا گیا، جس میں ہندی ورژن نے سب سے زیادہ بزنس کیا جبکہ تیلگو ورژن نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔
فلم کی نمائش کے دوران شوز کی تعداد اور آکوپینسی ریٹ بھی متاثر کن رہی، تاہم دوسرے دن ناظرین کی تعداد میں معمولی کمی نے باکس آفس کی رفتار کو کچھ سست کر دیا ہے۔









