بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اداکارہ ثروت گیلانی فلم پریمیئر میں شرکت پر تنقید کی زد میں

معروف پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی کو حالیہ دنوں خاندانی صورتحال کے باوجود فلم پریمیئر میں شرکت کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ثروت گیلانی اپنے مقبول ڈراموں اور فلم میں شاندار اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں، حال ہی میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی نئی فلم کے پریمیئر میں شریک ہوئیں۔

تقریب میں ثروت گیلانی نارنجی رنگ کی سلک ساڑھی میں نظر آئیں، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ان کے سسر کی طبیعت نہایت تشویشناک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، تاہم وہ اپنے دوستوں کی سپورٹ کے لیے پریمیئر میں آئی ہیں۔


اداکارہ کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا، بعض صارفین نے اسے غیر حساس رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں انہیں خاندان کے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔

ایک صارف نے لکھا سسر آئی سی یو میں ہیں اور وہ خوشی سے پریمیئر میں شریک ہیں، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ وقت فلمی تقریب میں جانے کا نہیں بلکہ دعا کرنے کا ہے۔

تاہم کچھ صارفین نے ثروت گیلانی کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ ہر شخص مشکل حالات میں اپنے طریقے سے توازن قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی کے ذاتی فیصلوں پر سخت رائے دینا مناسب نہیں۔

واضح رہے کہ شوبز شخصیات اکثر اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر ان کے فیصلے فوری طور پر بحث کا موضوع بن جاتے ہیں۔