بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے آج صبح محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے آغاز میں وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور سعودی عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے بھی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اور ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہے گا، جیسے سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے تحمل اور بردباری کو سراہتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امت مسلمہ کو اس وقت اتحاد اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔
مزید برآں، وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور مسائل کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ہے۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان کی ان امن کوششوں کو سراہا، اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کو ہر سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔