لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن جیسے تجربہ کار بولرز کے ساتھ کھیلنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، یہاں سے تجربہ حاصل کر کے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہوں۔
لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی عبید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے بعد لاہور قلندرز کی جانب سے موقع ملنا میرے لیے خوش آئند ہے جہاں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں خصوصاً ثمین رانا اور کپتان شاہین آفریدی کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن کی موجودگی میں لاہور قلندرز کی بولنگ لائن اپ پی ایس ایل کی بہترین بولنگ اٹیک بن چکی ہے۔
عبید شاہ نے بتایا ہے کہ کپتان شاہین آفریدی مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اور اکثر مجھ سے بولنگ کا آغاز کرواتے ہیں جو میرے لیے فخر کا باعث ہے۔
نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ ہر ٹورنامنٹ میں میری کوشش ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا اور خود کو بہترین بولر ثابت کرنا ہوتی ہے۔
اُنہوں نے واضح کیا کہ میں کسی ایک بولر کی نقل نہیں کرتا بلکہ جو بھی اچھی بولنگ کرتا ہے اس سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
عبید شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مکمل طور پر مائنڈ سیٹ کا کھیل ہے جس میں بیٹرز کی حکمتِ عملی کو سمجھ کر اسی کے مطابق بولنگ کرنا ضروری ہوتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جدید کرکٹ میں بیٹرز کے پاس ہر طرح کے شاٹس موجود ہیں، اس لیے بولرز کو ان کے ذہن کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے، بولنگ میں ورائٹی لانے کے لیے میں نے سخت محنت کی ہے اور اب اس کا مثبت نتیجہ بھی سامنے آ رہا ہے۔









