بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں نمایاں کمی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایات اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ اور اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 47 کروڑ 21 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے، جبکہ ارکانِ قومی اسمبلی کی تنخواہوں سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی کٹوتی کر کے وزیرِاعظم کے کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کروا دیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کفایت شعاری مہم پر مکمل عملدرآمد کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی لانے پر زور دیا ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ ہفتوں میں مزید رقوم بھی قومی خزانے میں سرنڈر کی جائیں گی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت دو ارب روپے تک بچت کی منصوبہ بندی بھی کی ہے، جبکہ فیول اور توانائی کے اخراجات کم کرنے کے لیے 75 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں قومی اسمبلی کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گرین پارلیمنٹ سولر سسٹم سے استفادہ کیا جا رہا ہے، جبکہ اخراجات میں کمی کے لیے محدود عملے کے ساتھ کام جاری ہے اور اس وقت تقریباً 200 ملازمین فزیکلی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایات پر غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ قومی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔