بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ذوالفقار بھٹو کی 47 ویں برسی آج،بھٹو کیس میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا:صدر زرداری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو 47 سال پہلے قتل کے ایک مقدمے میں آج ہی کے دن راولپنڈی میں پھانسی دی گئی تھی،سپریم کورٹ مارچ 2024 میں فیصلہ دے چکی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا اس مقدمے میں ٹرائل منصفانہ نہیں تھا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھٹو کو منصفانہ ٹرائل نہیں ملا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مطابق بھٹو کیس میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا اور اپیل کا حق بھی متاثر ہوا، جو انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے،انہوں نے زور دیا کہ انصاف اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی کیونکہ انصاف کی عدم فراہمی کے اثرات براہِ راست عوام پر پڑتے ہیں۔ صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ 1973 کا آئین بھٹو دور کی ایک بڑی کامیابی ہے، جس نے ملک میں جمہوری بنیادوں کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ضیا الحق کے مارشل لا کے بعد بھٹو کیس کو دوبارہ کھولا گیا، تاہم اس دوران بھی کئی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے بھی بھٹو کے ٹرائل پر تشویش کا اظہار کیا تھا، جو اس مقدمے کی حساسیت کو ظاہر کرتا ہے، صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت کی مضبوطی انصاف سے مشروط ہے اور اداروں کو قانون اور انصاف کی پاسداری کرنا ہوگی۔ صدرِ مملکت نے اس موقع پر بینظیر بھٹو شہید کی جمہوری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔