اسلام آباد (طارق محمود سمیر) ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ میں پی این ایس خیبر کی شمولیت پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت دراصل پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید تیاری اور مسلسل بہتری کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کیا ہے، خصوصاً معرکۂ حق کے دوران قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے انجام دیں۔
آصف علی زرداری نے بدلتے ہوئے علاقائی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط بحری قوت کسی بھی ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
صدر مملکت نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
پی این ایس خیبر کی شمولیت: صدر زرداری کا پاک بحریہ کو خراجِ تحسین








