اسلام آباد۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ عبد اللطیف بن رشید الزیانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بحرین خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کو فروغ دیں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے ‘پانچ نکاتی اقدام’ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاک-چین فارمولہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بحرینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک قریبی رابطے میں رہیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال








