ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے مالی ذخائر سے متعلق حالیہ تبصرے بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے یہ ذخائر دو طرفہ تجارتی معاہدوں کا حصہ ہیں اور پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے یو اے ای کی مضبوط حمایت کا مظہر ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان طے شدہ شرائط کے مطابق مدت پوری ہونے پر یہ ذخائر واپس کر رہی ہے، اور یہ واپسی ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے، جسے غلط رنگ دینا گمراہ کن ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام پاک-امارات دوستی کے قیام میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم پر قائم ہے۔
دفتر خارجہ نے یو اے ای کے مالی ذخائر پر گمراہ کن تبصروں کی سختی سے تردید کی








