لاہورہ (نیوزڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز نے 169 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان سعود شکیل نے 41 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ بیوون جیکبز نے ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ احمد دانیال 22 رنز بنا کر زخمی ہو کر ریٹائر ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارافات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو جارحانہ آغاز صاحبزادہ فرحان نے فراہم کیا جنہوں نے 14 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ اس کے بعد اسٹیون اسمتھ نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ آیشٹن ٹرنر 4 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم دیگر بولرز ملتان کی بیٹنگ لائن کو روکنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اس کامیابی کے ساتھ ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔









