بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی و قانونی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، عدالتی تعاون اور قانونی شعبے میں اشتراک کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات اب تیزی سے ایک جامع معاشی شراکت داری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک شہریوں کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ملاقات کے دوران حالیہ دورۂ ترکیہ کے موقع پر دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے عدالتی نظام میں تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے انصاف کی جلد فراہمی کے حوالے سے تجربات کے تبادلے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، امیگریشن اور قانون کے نفاذ جیسے اہم شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

ترکیہ کے آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک شہری کے دل میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کی آئینی عدالت 64 سالہ تجربہ رکھتی ہے اور اس تجربے کے تبادلے کیلئے پاکستان کے ساتھ ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔

ملاقات میں ترکیہ کے جج رضوان گیولیچ اور رجائی آق یل کے علاوہ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیر اولو بھی شریک تھے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر مملکت عقیل ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قانونی و عدالتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔