بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آج رات ایرانی تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی، ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن (نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات ایک پوری تہذیب ختم ہو جائے گی، خونریزی، بدعنوانی اور اموات کی 47 سالہ تاریخ بالآخرختم ہونے جارہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آج رات ایک پوری تہذیب ختم ہو جائے گی، جسے دوبارہ کبھی واپس نہیں لایا جا سکے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو، لیکن غالباً ایسا ہو جائے گا۔ تاہم، اب جبکہ ہم نے مکمل رجیم تبدیل کردی ہے ، جہاں مختلف، زیادہ ذہین اور کم انتہا پسند سوچ رکھنے والے لوگ غالب ہوں گے، تو شاید کوئی انقلابی اور شاندار چیز وقوع پذیر ہو جائے۔

ٹرمپ نے لکھا کہ یہ دنیا کی طویل اور پیچیدہ تاریخ کے سب سے اہم لمحات میں سے ایک ہو سکتا ہے، خونریزی، بدعنوانی اور اموات کی 47 سالہ تاریخ بالآخرختم ہونے جارہی ہے، ایران کے عظیم عوام پر خدا کی رحمت ہو!

 

ٹرمپ نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ آج رات 8 بجے تک ایران کا جواب آجائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران جنگ کے حوالے سے تازہ ترین ڈیڈلائن آج پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ختم ہو رہی ہے۔

ٹرمپ کی ڈیڈ لائنز
ٹرمپ اس سےقبل بھی متعدد ڈیڈلائنز کا اعلان کر چکے ہیں۔

سب سے پہلی ڈیڈلائن، 21مارچ کو دی گئی جس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے 48 گھنٹوں کے اندر آبی گزرگاہ کو دوبارہ نہ کھولا تو وہ پاور پلانٹس کو تباہ کر دیں گے۔

اس کے 2 دن بعد، صدرٹرمپ نے ممالک کے ساتھ بہت اچھی اور نتیجہ خیز بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے ایرانی توانائی انفراسٹرکچر کے خلاف حملے 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

پھر 27مارچ کو ، ایک بارپھر صدرٹرمپ نے ایرانی انرجی پلانٹس پر حملے، مزید 10 دن کے لیے ملتوی کر دیے تھے اور 6 اپریل تک کی ایک اور نئی ڈیڈلائن دی ۔

3اپریل کو صدرٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے 48گھنٹوں کی وارننگ دی۔

پھر 5 اپریل کو مغالظات سے بھرے بیان میں ٹرمپ نے دھمکی کو دہرایا اور کہا منگل کا دن پاور پلانٹ کا دن اور برج کا دن ہو گا بعد کی ایک پوسٹ میں انہوں نے منگل، شام 8:00 مشرقی وقت مقرر کیا۔