بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یو اے ای، یورو بانڈز ری پیمنٹ کے انتظامات مکمل کرلیے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ یواے ای اور یورو بانڈز کی ری پیمنٹ کے انتظامات کرلیے ہیں، زرمبادلہ ذخائر مستحکم اور آئی ایم ایف ہدف کے مطابق رکھے جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ادائیگیوں کیلئے تمام یقین دہانیاں بروقت پوری کی جائیں گی ۔ کمرشل فنانسنگ اور بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ کمرشل فنانسنگ کیلئے بینکوں کے کنسورشیم سے بات چیت چل رہی ہے۔ اپریل کے اختتام سے پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاریاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔

حکومت کا مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر پانڈا بانڈز کا اجرا کرنے کا پلان ہے۔ پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈز کا اجرا کررہا جس کے باعث وقت لگ رہا ہے۔ خطے میں کشیدگی کے ملکی اکانومی پر اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کشیدہ صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسیوں سے معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا۔ آئندہ دنوں میں اہم معاشی فیصلے اور بجٹ تیاریاں کی جائیں گی۔