اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔
نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیرِ اعظم کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے حالیہ بحران کے دوران گلگت بلتستان کے عوام کے لیے فراہم کیے گئے ریلیف اقدامات پر بھی وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران جسٹس (ر) یار محمد نے وزیرِ اعظم کو گلگت بلتستان کے مختلف امور، خصوصاً جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔









