بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، مسعود پزشکیان نے وفد کی پاکستان آمد سے آگاہ کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف اور اراین کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا ایران جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان 45 منٹ تک ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں حالیہ جنگ بندی اور مستقبل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیز فائز کے لیے ایرانی قیادت کی ذہانت کی تعریف کی اور امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے آمادگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنا پیغام بھجوایا۔


اعلامیے کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے پاکستان آئے گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں، جس میں ایران کی جانب سے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور اسٹیو وٹکوف شریک ہوں گے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے ارکان کو بریف کیا اور انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ذکر کیا، شہباز شریف سارے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔