ایران اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے بعد پاکستان عالمی منظرنامے میں مرکزِ نگاہ بن گیا ہے۔ کامیاب سفارت کاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کے باعث پاکستان کو ایک ذمہ دار اور فعال ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (Twitter) پر “اسلام آباد ٹالکس” ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، جہاں صارفین نے حکومت اور عسکری قیادت کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ متعدد صارفین نے پاکستان کو عالمی امن کا سفیر قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی ایران جنگ بندی میں پاکستان کے مثبت اور نتیجہ خیز کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق پاکستان نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے، جس سے ایک بڑے بحران کو ٹالنے میں مدد ملی۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے نہ صرف خطے کو ممکنہ تباہی سے بچایا بلکہ عالمی سطح پر ملک کا وقار بھی بلند کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے کے معاشی اور دفاعی مفادات کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔
تجزیہ کاروں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا ہے کہ پاکستان اب عالمی امن کے فیصلوں میں ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہا ہے، اور “اسلام آباد ٹالکس” اس نئی سفارتی حیثیت کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔
ایران جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار، “اسلام آباد ٹالکس” ایکس پر ٹاپ ٹرینڈ








