بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت نے جائیداد کے دستاویزات کے حصول کے لیے بائیو میٹرک ویریفکیشن لازمی قرار دے دیا

پنجاب حکومت نے جائیداد کے دستاویزات حاصل کرنے کے عمل کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے بائیو میٹرک ویریفکیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2025 پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی جائیں گی۔ بل کے مطابق جائیدادوں اور رجسٹریشن سے متعلق تمام امور میں بائیو میٹرک ویریفکیشن لازمی ہوگی، اور افراد کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک تصدیق اور الیکٹرانک دستخط بھی ضروری ہوں گے۔ تمام ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی معاملے میں رجوع کیا جا سکے۔
ترمیم کے تحت پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ایک الیکٹرانک ریکارڈ سسٹم قائم کرے گی، اور تمام ڈیٹا اسی ادارے کے پاس محفوظ ہوگا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب، آئی جی رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ ادارے نئے قواعد کے نفاذ کی نگرانی کریں گے۔
اب یہ بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے بعد ایوان سے منظوری اور پھر گورنر پنجاب کی حتمی توثیق کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
یہ اقدام جائیداد کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔