اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اعظم کی آمد پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیرِ اعظم نے کابینہ کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خلیج میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت اور جنگ بندی کے لیے خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
کابینہ نے قومی سطح پر اپیل کی کہ جمعہ کے دن اللہ کے حضور شکر ادا کیا جائے اور جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
کابینہ ارکان نے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کی دنیا بھر میں پذیرائی کو تاریخی قرار دیا اور ملکی معاشی ترقی کے لیے محنت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ارکان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مؤثر کوششوں کی بدولت خطہ تیزی سے مستقل امن کی جانب گامزن ہے، اور وزیرِ اعظم و آرمی چیف نے انتہائی کشیدہ اور مایوس کن حالات میں فریقین کو جنگ بندی پر راضی کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، جنگ بندی پر قومی شکرگزاری کی اپیل








