اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک بھر میں بچوں کی ویکسی نیشن مہم کے لیے 2.8 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 80 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جہاں وزارتِ قومی صحت کی سمری کی منظوری دی گئی۔ حکام کے مطابق اس فنڈ سے ویکسین، سرنجز اور کولڈ چین آلات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے لیے 30 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ، وزیراعظم پیکیج اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے فنڈز کی منظوری شامل ہے۔
اسی طرح وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 2 ارب روپے بھی منظور کیے گئے، جو دانش اسکول کے قیام اور نوجوانوں کی فنی مہارتوں میں اضافے کے پروگرامز پر خرچ کیے جائیں گے۔
مزید برآں، ای سی سی نے چھالیہ (آریکا نٹ) کی درآمد سے متعلق پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی، جس کے تحت سخت نگرانی اور پری شپمنٹ انسپیکشن کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ معیار اور غذائی تحفظ برقرار رکھا جا سکے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام فنڈز شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں اور اس کے لیے واضح اہداف اور موثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔
80 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے 2.8 ارب روپے کی منظوری








