بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید وسعت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں : وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ اور نئی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتا ہے اور اسی مقصد کے تحت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تیز رفتار اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

چیئرمین جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول اور حکومتی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی برآمدات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور مالی سال 2024-2025 میں اس کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا۔ مزید بتایا گیا کہ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کمپنی کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

حکام کے مطابق نوری آباد، سندھ میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سول ڈویلپمنٹ زون کے قیام کے لیے بھی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جو صنعتی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔