اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فرانس سمیت دوست ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن کیلئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فرانس کے صدر کی طرف سے نیک تمنائوں کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے ایک نہایت خوشگوار اور بامعنی ٹیلیفون کال موصول ہوئی، صدر میکرون نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں اور دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے کردار پر نہایت خلوص سے مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ان کے محبت بھرے الفاظ اور اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے ان کی نیک تمنائوں کو دل کی گہرائی سے سراہتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے شراکت داروں اور دوست ممالک بشمول فرانس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ اس موقع کو ایک پائیدار اور دیرپا امن میں تبدیل کیا جا سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ فرانس کے صدر نے لبنان میں جاری جارحیت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس امر پر زور دیا کہ تشدد اور بے گناہ جانوں کے ضیاع کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ پورے خطے میں دوبارہ امن قائم ہو سکے۔
وزیر اعظم کا پائیدار امن کیلئے فرانس سمیت تمام دوست ممالک کیساتھ ملکر کام کا عزم








