بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنگ بندی کے پیچھے حقائق، بلاول بھٹو نے اہم راز کھول دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک) بی بی سی اور الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویوز میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مذاکرات کی راہ اپنائی۔ ان کے مطابق حالیہ ہفتوں میں خطہ شدید کشیدگی کا شکار رہا، تاہم سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے نہ صرف کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا بلکہ فریقین کو بات چیت کے لیے پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔ ان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اہم سفارتی نکات عالمی قیادت کے سامنے رکھے، جس سے مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی صرف عارضی وقفہ نہیں بلکہ مستقل امن کی جانب ایک سنجیدہ قدم بن سکتی ہے، بشرطیکہ فریقین براہ راست مذاکرات جاری رکھیں۔ انہوں نے اس عمل میں چین، سعودی عرب، مصر، ترکیہ اور دیگر خلیجی ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات رکھتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایک مؤثر سہولت کار کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا تو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کو اس کے مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔