اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے معروف پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے پاک ایران تنازع، حالیہ جنگ بندی اور اسلام آباد میں جاری مذاکراتی عمل پر پاکستان کے مؤقف کو واضح کیا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کے لیے اعلیٰ سطح پر مسلسل سفارتی کوششیں جاری رہیں، اور پاکستان نے اپنی دیرینہ مثبت روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فعال اور مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں پاکستان کو سعودی عرب، مصر، ترکیہ اور دیگر شراکت داروں کی حمایت حاصل رہی۔
رضوان سعید شیخ کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکراتی عمل میں فریقین کا تعمیری رویہ سامنے آیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سارے عمل میں بنیادی طور پر ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تصفیہ طلب معاملات کے حل کی ذمہ داری متعلقہ فریقین پر عائد ہوتی ہے، تاہم پاکستان اور عالمی برادری اس حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری کو بھرپور موقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔









