اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی جرمن ہم منصب یوان واڈیفول سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ بے اعتمادی کے ماحول میں مذاکرات میں شامل ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے اعتمادی کی وجہ امریکا کی وعدہ خلاف ورزی اور سفارتی دھوکا دہی ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایران بھرپور اتھارٹی کے ساتھ اپنے عوام کے مفادات اور حقوق کے تحفظ کرے گا۔
واضح رہے کہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں امریکا اور ایران کے وفد اسلام آباد میں موجود ہیں۔
ایران سے جامع جنگ بندی مذاکرات کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ اسپیکر محمد باقرقالیباف کی قیادت میں اسلام آباد آیا ایرانی وفد تقریباً 70 افراد پر مشتمل ہے جس میں مرکزی مذاکرات کاروں کے ساتھ ساتھ 26 رکنی ٹیکنیکل اور خصوصی کمیٹیوں کے افراد بھی شامل ہیں۔
یہ کمیٹیاں معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی امور سے متعلق ہیں تاکہ اس انتہائی حساس مذاکرات میں بروقت مشاورت دے سکیں۔









