بیساکھی کے پُرمسرت موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہندو اور سکھ برادری کو دلی مبارکباد(greetings) پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار خوشی، شکرگزاری اور فصل کی کٹائی کی خوشیوں کا حسین امتزاج ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی نہ صرف خوشیوں کا دن ہے بلکہ یہ ہمیں ایمان، اتحاد اور انسانیت کی خدمت جیسے اعلیٰ اقدار کی بھی یاد دلاتی ہے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں بیساکھی باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کی خوبصورت علامت کے طور پر منائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے اور ریاست ہر فرد کے تحفظ اور عزت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:کینڈین وزیر اعظم کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، سفارتی کامیابی کا اعتراف ،مبارکباد دی
آصف علی زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے، جبکہ ہندو اور سکھ یاتریوں کی سہولت اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام برادریوں کے لیے مساوات اور تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر صدر مملکت نے دعا کی کہ بیساکھی کا یہ تہوار ملک میں امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دے اور یہ دن سب کے لیے نئی امید اور مسرت کا باعث بنے۔









