بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیب کے زیرِ اہتمام اینٹی منی لانڈرنگ اور عالمی فریم ورک پر تربیتی کورس کا آغاز

قومی احتساب بیورو (NAB) کے زیرِ اہتمام اینٹی منی لانڈرنگ اور عالمی فریم ورک سے متعلق ایک اہم تربیتی کورس اور تکنیکی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مالیاتی جرائم کی روک تھام کے لیے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔

نیب کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے تربیتی کورس اور ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ پروگرام پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (پاکا) کے سالانہ پلان 2026 کے تحت شروع کیے جانے والے پہلے تربیتی کورس کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں:گانچھے کے نامور وکلاء کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، انجینئر امیر مقام سے ملاقات میں باقاعدہ اعلان

اس کورس میں تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کو منی لانڈرنگ کے جدید رجحانات، بین الاقوامی قوانین اور تفتیشی طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ مالیاتی جرائم کے مؤثر تدارک کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے اس موقع پر منی لانڈرنگ کیسز کے ترمیم شدہ تفتیشی طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی ڈاکٹر احسان صادق نے ایف اے ٹی ایف (FATF) معیارات پر عملدرآمد سے متعلق خصوصی سیشن منعقد کیا۔

چیئرمین نیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پاکستان مالیاتی جرائم کے خاتمے اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افسران کو روایتی تفتیشی انداز سے آگے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2026 کے اس تربیتی سلسلے کا مقصد افسران کو عالمی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ احتسابی عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔