بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہورہائیکورٹ نے آراو کو پی پی 7کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا

راولپنڈی(نیوزڈیسک) لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے ریٹرننگ افسر کو پی پی 7کے ضمنی انتخاب کا نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا۔اس سے پہلے ریٹرننگ آفیسر نے پی پی 7 راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کرنل (ر) شبیر اعوان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی تھی۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی پی7 میں دوبارہ گنتی نہیں ہوگی،نتائج کے وقت تمام پولنگ ایجنٹس موجود تھے جبکہ نتائج میں تاخیر کی وجہ آر ٹی ایس سسٹم بریک ہونا تھا۔
ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے دوبارہ گنتی کیلئے ٹھوس شواہد نہیں دیے، جن پولنگ اسٹیشنز پر اعتراض تھا ان کا پوچھا گیا۔
خیال رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی میں ہارنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست جمع کرائی تھی جس پرگزشتہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی کے تمام 260 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق (ن) لیگ کے راجہ صغیر احمد 68906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد شبیر اعوان نے 68857 ووٹ حاصل کیے، اس طرح انہیں 49 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
پی ٹی آئی امیدوار نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کیا اور دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔