بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر آصف علی زرداری کا چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری (Asif Ali Zardari )نے چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور سرمایہ کاری میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

دورے کے دوران کمپنی کے چیئرمین تانگ شیوگو نے صدر مملکت کو ادارے کے جدید مینوفیکچرنگ نظام، تحقیق و ترقی (R&D) میں جاری سرمایہ کاری اور عالمی سطح پر مصنوعات کی تقسیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چانگشا کی نائب میئر چیان لیکسیا بھی موجود تھیں۔

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سانی ہیوی انڈسٹری ڈیجیٹل طور پر مربوط فیکٹریوں، جدید آٹومیشن سسٹمز اور ڈیٹا بیسڈ پروڈکشن ماڈل کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتی ہے۔ بریفنگ میں سال 2024 کی مالی کارکردگی، جس میں 11.27 ارب ڈالر کی آپریٹنگ آمدن شامل ہے، بھی پیش کی گئی۔

صدر زرداری نے فلیگ شپ فیکٹری کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ہیوی مشینری کی تیاری، جدید آٹومیشن، اور صنعتی پیداوار کے معیار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کمپنی کی تکنیکی صلاحیت، پیداواری معیار اور جدید صنعتی طریقہ کار کو سراہا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ منصوبے ملک کے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کمپنی کے چیئرمین تانگ شیوگو نے کہا کہ سانی گروپ پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے تبادلے، مینوفیکچرنگ تعاون اور صلاحیت سازی کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے جدت اور بین الاقوامی شراکت داری کو ادارے کی مستقبل کی حکمت عملی کا بنیادی حصہ قرار دیا۔

دورے کے موقع پر پاکستانی وفد میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے، جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیدونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی ہمراہ تھے۔