آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں کو جدید ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے کے لیے ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں Special Communications Organization (ایس سی او) نے ضلع غذر کی وادی اشکومن اور سانڈی میں کامیابی کے ساتھ 4جی سروس فراہم کر دی ہے۔
حکام کے مطابق دشوار گزار پہاڑی راستوں اور سخت جغرافیائی حالات کے باوجود اس جدید سروس کی فراہمی ایک بڑا سنگِ میل ہے، جو نہ صرف رابطوں کو بہتر بنائے گی بلکہ مقامی ترقی کے نئے دروازے بھی کھولے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے دور افتادہ علاقوں میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔
ایس سی او کی جانب سے 4جی سروس کی اپ گریڈیشن تعلیم، کاروبار اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی سمت ایک مؤثر قدم قرار دی جا رہی ہے۔ مقامی افراد نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ جدید نیٹ ورک کی بدولت اب وہ اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے دنیا بھر سے جڑ گئے ہیں، جبکہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی ایک اہم سہولت ثابت ہو رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی بڑی کھیپ بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی
ماہرین کے مطابق مشکل جغرافیہ میں جدید سہولیات کی فراہمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قومی ادارے عوامی خدمت کے لیے سنجیدہ ہیں، اور ایس سی او کا یہ اقدام ملک کے دور دراز علاقوں میں یکساں ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔









