لاہور(نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب کے وزیرداخلہ عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری سمیت تین اراکین صوبائی اسمبلی کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔
عطااللہ تارڑ نے ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے سیکشن 8 کے تحت سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے 20 جولائی کو پریس کانفرنس میں جھوٹے، من گھڑت اور غلط بیانی پر مبنی الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھیج دیا جبکہ بیان حلفی جمع کروانے والے پی ٹی آئی کے تین اراکین صوبائی اسمبلی کو بھی لیگل نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی طرف سے پی ٹی آئی کے اراکین پنجاب اسمبلی اسمبلی شہاب الدین، محمد عامر عنایت اور غضنفر عباس چھینہ کو قانونی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔
فواد چوہدری کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے 20 جولائی کو پریس کانفرنس میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت جیسے من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کیے، جس سے وزیر داخلہ عطااللہ تارڑ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے جبکہ اراکین اسمبلی نے بھی جھوٹے بیان حلفی جمع کروائے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ جو کچھ پنجاب میں ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کو اس کی انکوائری کرنی چاہیے، رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ اور آصف زرداری کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا جائے اور ان پر الیکشن میں خرید و فروخت کے مقدمات چلائے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا فواد چوہدری کو ہتک عزت کا نوٹس








