اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہِ پیما ثمینہ بیگ کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ‘کے 2’ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہل خانہ کو کامیابی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے 2' سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہل خانہ کو کامیابی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 22, 2022
شہباز شریف نے کہا کہ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی مایہ ناز کوہ پیما ثمینہ بیگ نے دنیا کی دوسری بڑی چوڑی کے ٹو سر کرلی، وہ کےٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں۔
کے ٹو دنیا کی دوسری 8 ہزار 611 میٹر کی بلند ترین چوٹی ہے، جسے آج صبح 7 بج کر 42 منٹ پر ثمینہ بیگ نے سر کیا، اس سے قبل انہوں نے 2013 میں ایوریسٹ کو سر کیا تھا۔
ثمینہ بیگ کے ہمراہ عید محمد، بلبل کریم، احمد بیگ، رضوان داد، وقار علی اور اکبر سدپارا بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی خواتین کوہ پیما نائلہ کیانی کی بھی کے ٹو سر کرنے کے لیے پیش قدمی جاری ہے جبکہ اس وقت کے ٹو سر کرنے کیلئے ایران، قطر، عمان سمیت کئی ملکوں کی خواتین بھی شامل ہیں۔








