بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے تین ڈسٹرائر جنگی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گئے حالانکہ راستے میں انہیں ایرانی حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی فورسز نے امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے اور امریکی بحری جہاز مکمل طور پر محفوظ رہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے بھیجی گئی چھوٹی حملہ آور کشتیاں تباہ کر دی گئیں جبکہ کئی کشتیاں سمندر برد ہوگئیں۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی دفاعی نظام نے داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے جبکہ ڈرونز کو بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔

مزیدپڑھیں:امریکا اور ایران جنگ بندی کیلئے قلیل مدتی معاہدہ زیر غورہے، برطانوی میڈیا

امریکی صدر نے ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معمول کا ملک عالمی بحری گزرگاہ میں اس قسم کی کارروائی نہیں کرتا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت انتہا پسند سوچ رکھنے والے عناصر کے ہاتھ میں ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کا موقع ملا تو وہ اسے استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا اسی لیے امریکا تہران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے ایران کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے آج ایران کو ناک آؤٹ کر دیا ہے تاہم اگر تہران نے معاہدے پر دستخط نہ کیے تو اس سے بھی زیادہ سخت اقدامات کیے جائیں گے۔