بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کنزہ ہاشمی اور علی رضا کی دشمنی دوستی میں کیسے بدلی؟ دلچسپ انکشافات

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کنزہ ہاشمی(Kinza Hashmi) اور ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی موجودہ دوستی کے پیچھے ایک دلچسپ اور تلخ کہانی چھپی ہوئی ہے۔
کنزہ ہاشمی اور علی رضا ان دنوں اپنے نئے ڈرامہ سیریل کی وجہ سے مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، دونوں فنکاروں کو اکثر مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں کی جا رہی تھیں۔

حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں دونوں نے بتایا کہ دونوں ایک دوسرے کو ڈرامے سے پہلے سے جانتے تھے لیکن وہ دوست نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دشمن تھے، ہماری دشمنی کا آغاز بات کئے بغیر ہی ہوگیا تھا۔

کنزہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایک اشتہار کیلئے ایک ساتھ سائن کیا گیا تھا، پروڈکشن کی جانب سے ہمیں الگ الگ کمرے دیئے گئے تھے مگر میک اپ روم ایک تھا۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں اپنا میک اپ کروا رہی تھی او اپنے چھوٹے سے سپیکر پر موسیقی بھی سن رہی تھی، اتنے میں علی رضا کمرے میں داخل ہوئے اوراپنے سپیکر سے ماحول میں شور شار مچا دیا، وہ سب سے باتیں کرنے لگے اور مجھے نظر انداز کردیا میں نے اپنا سپیکر بند کر دیا اور جب میں نے ان کی طرف دیکھا تو انہوں نے بس ایک رسمی ہیلو کہا، اس وقت میں نے یہ سوچ لیا تھا کہ یہ کوئی بہت زیادہ ہوشیار قسم کا لڑکا ہے۔

مزیدپڑھیں:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

کنزہ ہاشمی نے ایک اور واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ اگلے دن میں ایک ساتھی اداکار کے ساتھ سوشل میڈیا ٹرینڈ بنانے کی بات کر رہی تھی تو علی رضا نے ہماری بات سن کر کہا کہ مجھے آئیڈیا مل گیا ہے اور میں تم سے پہلے یہ ٹرینڈ بنا رہا ہوں اور انہوں نے واقعی وہ ویڈیو بنا کر مجھ سے پہلے پوسٹ کر دی۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے ان کا یہ رویہ بہت برا لگا اور میں نے فیصلہ کر لیا کہ یہ ایک مغرور انسان ہے اور یوں ہماری لڑائی کا آغاز ہوا جو کافی عرصے تک جاری رہی۔

اس معاملے پر علی رضا نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان بہت سی غلط فہمیاں پروڈکشن ٹیم کی وجہ سے پیدا ہوئی تھیں کیونکہ وہ ادھر کی باتیں ادھر کر کے ہمارے درمیان دراڑیں ڈال رہے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پھر ایک بار ہماری ملاقات ایئرپورٹ پر ہوئی جہاں ہم ایک ساتھ بیٹھے اور تمام غلط فہمیاں دور کیں، میں ایک کافی شاپ میں بیٹھا تھا تو میں نے کنزہ کو ہیلو کہا اور کنزہ نے مجھے ہائے کہا۔

علی رضا کے مطابق اس ملاقات کے بعد سے وہ دونوں بہترین دوست بن گئے اور ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کے تعلقات بہت خوشگوار ہو چکے تھے۔

آج یہ دونوں اداکار نہ صرف پردے پر بہترین کیمسٹری دکھا رہے ہیں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں۔