اسلام آباد: خودکش حملہ آور کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے بہادر شہری لیاقت شہید(Citizen Liaqat shaheed) کی عظیم قربانی کا قومی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے انہیں بعد از شہادت ستارۂ شجاعت دینے کی منظوری دے دی گئی۔ یہ اعزاز وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے منظور کیا۔
حکام کے مطابق لیاقت شہید نے خودکش دہشت گرد کے ناپاک عزائم کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری، فرض شناسی اور جرات کا مظاہرہ کیا اور اپنی جان قربان کرکے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا۔ حکومت نے ان کی قربانی کو دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت قرار دیا ہے۔
لیاقت شہید کے اہل خانہ، جن میں ان کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی شامل ہیں، ستارۂ شجاعت وصول کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ انہیں مکمل سرکاری پروٹوکول فراہم کیا گیا جبکہ انتظامیہ اور ایلیٹ فورس کا دستہ بھی ان کے ہمراہ ہے۔
مزید پڑھیں:بہار : جہیز میں سونے کی چین نہ ملنے پر سسرالیوں کےہاتھوں نوبیہاتہ دلہن قتل
حکام کا کہنا ہے کہ ستارۂ شجاعت پاکستان کا دوسرا بڑا سول اعزاز برائے بہادری ہے اور یہ اعزاز لیاقت شہید کی قربانی پر پوری قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت ہے۔









